کمشنر لا ہورنے جاری سکیموں کے لئے 16کروڑ روپے مختص کر دیئے
Share :



 

میٹروپولیٹن کارپوریشن کا 12ارب 4کروڑ سے زائد کا بجٹ منظور،جاری سکیموں کے لئے 16کروڑ روپے مختص

کمشنر لاہور،ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن آصف بلال لودھی نے کہا ہے کہ لاہوریوں کوپینے کے لئے صاف پانی بھی میسر نہیں، دوسری طرف سٹریٹ لائٹس خراب ہونے سے پورا شہر اندھیروں میں ڈوب جاتا ہے وہ گزشتہ روز بجٹ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے قبل ازیں انھوں نے بجٹ مالی سال 2019-2020کے حوالے سے پریس بریفنگ دی ۔ میڈیا سے سے بات چیت کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر نے کہا کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن،لاہور کا بجٹ برائے مالی سال 2019-20منظور کیا گیا ہے جس کا کل تخمینہ 12ارب 4 کروڑ  87لاکھ 92ہزار روپے ہے۔  غیر ترقیاتی فنڈز کی مد میں 1ارب 92کروڑ 29لاکھ 30 ہزار روپے، ترقیاتی منصوبوں  کیلئے 52کروڑ 31 لاکھ 26 ہزار روپے اور محصولات آمدن کے لئے 5ارب 3 کروڑ 8لاکھ  70 ہزار روپے مختص کئے گئے۔ ملازمین کی تنخواہوں کے لئے 2ارب 3کروڑ 82 لاکھ 36ہزار، پنشنرز کے لئے 2ارب 50کروڑ، جاری ترقیاتی سکیموں کے لئے 16کروڑ 52لاکھ 42ہزار، نئی ترقیاتی سکیموں کے لئے 2ارب 74کروڑ 73لاکھ 98 ہزار، سائر اخراجا ت کے لئے 3ارب 90کروڑ 67 لاکھ 57ہزار روپے رکھے گئے ہیں۔ ایڈمنسٹریٹر لاہورآصف بلال کا کہنا تھا کہ شہراندھیروں میں ڈوبا ہوا ہے جس کے لئے سٹریٹ لائٹس کی تنصیب ایک ضروری عمل ہے تاکہ جرائم سے بچا جاسکے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ لوگوں کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں ہے جس کے لئے ناقابل استعمال واٹر فلٹریشن پلانٹس کو ٹھیک کرکے صاف پانی فراہم کیا جائے گا۔ ایم سی ایل نے 50ایکڑ پر مشتمل زمین واگزار کروا کر ایک بوٹینیکل پارک تعمیر کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے جس کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔مزید براں سیوریج کے نظام کو بہتر کرنے، لاری اڈا لاہور کی مرمت اور پبلک ٹوائلٹس کے لئے مستقل بنیادوں پر کام شروع کیا جائے گا۔سڑکوں پر پیچ ورک کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے کوئی بھی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور اس کام کو جلداز جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ آخر میں ایڈمنسٹریٹر لاہور آصف بلال لودھی نے تمام میڈیا نمائندگان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر پی ایس او ٹو ایڈمنسٹریٹر لاہور میاں وحید الزمان،ڈائریکٹر ایڈمن اینڈ انکوائری/چیف پبلک ریلیشنز آفیسر امین اکبر چوپڑاو دیگر نے شرکت کی

 
TOP