ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے کی قبضہ گروپوں اور تجاوزات کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کرنے کی ہدایت
Share :



 غیر قانونی قبضے‘کمرشل سرگرمیاں اورناجائز تعمیرات 15دن میں ختم کرنے کی وارننگ 

 لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل محمد عثمان معظم نے قبضہ گروپوں ‘لینڈ مافیا‘غیر قانونی تعمیرات ‘تجاوزات ‘غیر قانونی کمرشل سرگرمیوں اور غیر قانونی رہائشی سکیموں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کرنے کی ہدایت کی ہے ۔شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ سرکاری املاک سے غیر قانونی قبضہ‘ناجائز تعمیرات‘ بلااجازت کمرشل سرگرمیاںاور غیرمنظور شدہ رہائشی سکیمیں 15دن کے اندر اندر ازخود ختم کردیں ورنہ ان کے خلاف قانون کے تحت سخت ترین کارروائی کی جائے گی ۔ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی طرف سے ریمپ تھڑے ‘باڑیں اور دیگر تجاوزات کے خاتمے اور شہریوں کے چلنے پھرنے اور گاڑیوں کی آمد و رفت میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کے لئے بھی ایل ڈی اے پرائیویٹ رہائشی سکیموں میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کلین اپ شروع کیاجا رہا ہے ۔یہ آپریشن تجاوزات کے مکمل خاتمے اور سڑکوں کو اصلی حالت اور وسعت کے مطابق بحال کرنے تک مسلسل جاری رہے گا ۔تمام تجاوز کنندگان کو خبر دار کیاجاتا ہے کہ وہ اپنی ملکیتی حدودسے باہر ناجائز طور پر کی جانے والی تمام تعمیرات بشمول ریمپ‘تھڑے‘باڑیں‘جنریٹرز‘گارڈرومز‘آہنی شیٹیں ‘ملبہ اور تعمیراتی سامان ‘غیر قانونی جنگلے اور دیگر عارضی و مستقل تجاوزات فوری طور پر ختم کردیں ورنہ ایل ڈی اے کسی مزید نوٹس کے بغیر یہ تجاوزات ہٹادے گا اور مسماری کا خرچہ تجاوزات قائم کرنے والوں سے وصول کیاجائے گا۔ اسی طرح غیر مسمار شدہ اور مسمار شدہ غیر قانونی تعمیرات کے تعمیر کنندگان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر ملبہ سڑک سے ہٹادیں ورنہ ایل ڈی اے یہ ملبہ خود ہٹا دے گا اور اس کا خرچہ تعمیر کنندہ سے وصول کیاجائے گا۔ 

TOP