ایل ڈ ی اے:اہم شاہرات کی مرمت و بحالی کا کام فوری شروع کرنے کا فیصلہ
Share :



 وزیر اعلیٰ پنجاب کے حکم پر ایل ڈی اے کا شہر کی اہم شاہرات کی مرمت و بحالی کا کام فوری شروع کرنے کا فیصلہ

ڈائریکٹر جنرل نے صبح سات بجے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور تجویز کئے جانے والے مقامات کا موقع پر جا کر معائنہ کیا

 وزیر اعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارکے حکم پر لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل محمد عثمان معظم نے شہر کی اہم شاہرات اور مختلف ہاؤسنگ سکیموں کی اندرونی سڑکوں کی مرمت و بحالی کا کام فوری طور پر شروع کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ ڈائریکٹر جنرل نے سڑکوں کی مرمت و بحالی کے کاموں کی ضروریات کا جائزہ لینے کے لئے صبح سات بجے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ شروع کیا ۔ انہوں نے گلبرگ‘گارڈن ٹاون‘ جوہر ٹاون اور دیگر علاقوں میں سڑکوں کے پیچ ورک اور مرمت و بحالی کے لیے تجویز کئے جانے والے مقامات کا موقع پر جا کر معائنہ کیااور ہدایت کی کہ اس سلسلے میں تخمینہ جات دو دن کے اندر اندر تیار کئے جائیں جن کی ایڈمنسٹریٹو اپروول بلاتاخیر دے دی جائے گی اور پیپرا رولز کے تحت ٹینڈرنگ کا عمل اور دیگر کارروائیاں ایک ماہ میں مکمل کر کے اگلے ایک ماہ میں سڑکوں کی مرمت وبحالی کا کام مکمل کر لیاجائے۔ انہوں نے بتایا کہ جیل روڈ‘فیروز پو رروڈ‘علی زیب روڈ‘مین بلیوارڈ گلبرگ‘شاہراہ قائد اعظم ‘مین بلیوارڈ علامہ اقبال ٹاؤن‘مولانا شوکت علی روڈ‘کالج روڈ‘گلبرگ ‘علامہ اقبال ٹاؤن‘ٹاؤن شپ ‘جوہر ٹاؤن کی سڑکوں کی مرمت و بحالی کا کام کیاجائے گااور ان سڑکوں کی معیاری اور دیرپا تعمیر کے لئے لیسکو ‘واسا ‘سوئی گیس ‘پی ایچ اے اور دیگر پبلک یوٹیلٹی سروس اداروں کا تعاون بھی حاصل کیاجائے گا تاکہ ان سڑکوں کو بار بار اکھاڑنے کی نوبت نہ آئے ۔ انہوںنے بتایا کہ منصوبے کے تحت ان سڑکوں کے پیچ ورک کے علاوہ لائن اور لین کی مارکنگ کی جائے گی ‘کرب سٹون پر روغن کیاجائے گا اور ٹریفک سگنلز کی مرمت کر کے انہیں چالو کیاجائے گا ۔

ڈائریکٹر جنرل نے پیدل سڑک پار کرنے والوں کے لئے اوور ہیڈ پلوں کی تعمیر کے لئے تجویزکردہ مقامات کا بھی معائنہ کیا ۔ اس موقع پر چیف انجینئر مظہر حسین خان ‘ پراجیکٹ ڈائریکٹر اقرار حسین اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

TOP